پاکستان نے یو اےای کو 2 ارب ڈالر کے فنڈز واپس کردیے

پاکستان نے اپنی بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالرز کے فنڈز واپس کر دیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق یہ فنڈز متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے ڈپازٹ کرائے گئے تھے۔ پاکستان نے طے شدہ شیڈول کے مطابق یہ رقم واپس کی ہے، جس سے عالمی مارکیٹ میں ملک کی معاشی ساکھ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بڑی ادائیگی کے باوجود پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رہنے کی توقع ہے کیونکہ حالیہ مہینوں میں ترسیلات زر اور برآمدات میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

اس ادائیگی سے یہ پیغام جاتا ہے کہ پاکستان اپنے بیرونی قرضوں کی واپسی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور بروقت ادائیگیاں کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور یو اے ای نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مالی معاونت کی ہے۔