ویمنز سپر -3 ٹی20 ٹورنامنٹ کا اعلان، 39 کھلاڑی ایکشن میں ہوں گی

فیصل آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ کے بعد خواتین کے لیے پی سی بی ویمنز سپر -3 ٹی20 ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کردیا، جس میں 39 کھلاڑی تین ٹیموں کی نمائندگی کریں گی۔

سپر -3 ٹی20 ٹورنامنٹ 28 اکتوبر سے 5 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا مقصد نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو مزید مسابقتی کرکٹ کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ میں چیمپئنز، انکریڈیبلز اور واریئرز کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ تینوں ٹیمیں ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں 5 نومبر کو فائنل کھیلیں گی۔

چیمپئنز کی قیادت طوبیٰ حسن، انکریڈیبلز کی کپتانی گل فیروزہ جبکہ واریئرز کی کمان منیبہ علی سنبھالیں گی۔

نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ 10 سے 26 اکتوبر تک جاری رہا اور اس میں مجموعی طور پر 21 میچز کھیلے گئے۔ اس کے بعد سپر -3 ایونٹ میں سات میچز ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق سپر -3 ٹی20 کے تمام میچز آن لائن پلیٹ فارمز براہِ راست نشر کیے جائیں گے، جبکہ میچز کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ہوگا۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

تینوں ٹیموں میں کون کون شامل؟

چیمپئنز

طوبیٰ حسن (کپتان)، عائشہ رحمان، فاطمہ خان، کومل خان (وکٹ کیپر)، مومنہ ریاضت، ناجیہ اوی (وکٹ کیپر)، نتالیہ پرویز، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، صدرہ امین، ثانیہ سعید، تسمیہ رباب اور طیبہ امداد۔

انکریڈیبلز

گل فیروزہ (کپتان، وکٹ کیپر)، انوشہ ناصر، عائشہ ظفر، ایمان ناصر، ماہ نور زیب، مناہل رفیق، اویمہ سہیل، ردا اسلم، سمیہ افضل، سیدہ عروب شاہ، سیدہ معصومہ جعفری، امِ ہانی اور وحیدہ اختر۔

واریئرز

منیبہ علی (کپتان، وکٹ کیپر)، علیسا مختار، عائشہ بلال، ڈیانا بیگ، ایمن فاطمہ، گل رخ، حفصہ خالد، حمنہ بلال، رمین شمیم، راویل فرحان، صدف شمس، شہر بانو اور زنش عبد الستار۔

سپر -3 ٹی20 ٹورنامنٹ کو قومی خواتین کرکٹ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ابھرتی اور نمایاں کھلاڑیوں کو مزید اعلیٰ معیار کی مسابقتی کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع ملے گا۔