پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ مجھ پر 200 مقدمات درج ہیں جو ملکی تاریخ پر کسی پر درج نہیں ہوئے، ایک کیس سے نکلتا ہوں دوسرے میں ڈال دیتے ہیں۔
جمعے کے روز اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں عمران کان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی نے وہاں موجود صحافیوں نے غیر رسمی گفتگو کی۔
غیر ملکی نیوز ویب سائیٹ اردو نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، اسی وجہ سے ہم آگے نہیں بڑھ رہے، حقیقی آزادی ہی جمہوریت ہے، طاقتور کو قانون کے تابع کرنا کمزور کو حقوق دلانا جمہوریت ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں جنگل قانون رائج ہے، نگران حکومت غیر جانبدار نہیں ہے، یہ الیکشن کمیشن ہے ہی نہیں عملی طور پر غیر فعال ہے، 9 مئی کو میرے ساتھ ظلم کیا گیا، غیر قانونی طور پر پکڑا گیا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ایسا ظلم نہیں ہوا، جیسا ہم پر ہوا۔ متعدد امیدواروں کو پکڑ کر کاغذات جمع نہیں کرانے دیے گئے۔ مجھ پر 200 مقدمات درج ہیں جو ملکی تاریخ پر کسی پر درج نہیں ہوئے، ایک کیس سے نکلتا ہوں دوسرے میں ڈال دیتے ہیں۔