آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو نیوزی لیند کے بعد بھارت سے بھی بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے تاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیسلہ کیا اور پوری ٹیم 241 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔
وراٹ کوہلی نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 100 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ شریاس ائیر نے 56 اور شبھمن گل نے 46 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو اور ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سعود ، خوشدل کے علاوہ سب ناکام
فخر زمان کی جگہ ٹیم میں آنے والے امام الحق بھارتی بولرز کے سامنے دباؤ میں نظر آئے اور انہوں نے کافی ڈاٹ بالز کھیلیں۔ جبکہ بابر نے ابتدائی اوورز کے بعد کئی دلکش باؤنڈریز لگائیں اور لگ رہا تھا کہ شاید آج وہ بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ لیکن ہاردک پانڈیا نے ان تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ بابر اعظم سے ایک چوکا کھانے کے بعد انہوں نے اس سے اگلی ہی گیند پر انہیں کیچ آؤٹ کر دیا۔ بابر نے 26 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں ایک ہزار رنز بھی بنا لیے۔
ا گلے ہی اوور میں امام الحق رن آؤٹ پویلہن لوٹ گئے۔ انہوں نے 26 گیندوں پر بغیر کسی باؤنڈری کے 10 رنز بنائے۔
اوپنرز کی رخصتی کے بعد اب سعود شکیل اور محمد رضوان سست رفتاری سے اننگز جاری رکھی۔ دونوں نے 104 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ 26 ویں اوور میں پاکستان کے 100 رنز مکمل ہوئے اور اس میں 99 ڈاٹ بالز تھے۔
محمد رضوان نے سیٹ ہو کر آؤٹ ہونے کی اپنی روایت کو برقرار رکھا۔ اگرچہ ہاردک پانڈیا کی گیند پر ہرشت رانا نے ان کا کیچ ڈراپ کیا لیکن رضوان نے دوسرا موقع ملنے کے باوجود اس سے اگلے ہی اوور میں اکشر پٹیل کی گیند پر ایک بڑی شارٹ لگانے کی کوشش کی اور بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 77 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔
اسی اوور میں سعود شکیل نے بھی ایک بڑی شارٹ لگانے کی کوشش کی لیکن کلدیپ یادو نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ اگلے اوور میں ہاردک کی گیند پر سعود بھی کیچ تھما کر پویلین کو چلتے بنے۔ انہوں نے 76 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
اب گرین شرٹس کی تمام تر امیدیں طیب طاہر اور سلمان علی آغا سے تھیں لیکن طاہر آج کچھ جلدی میں تھے، وہ جدیجہ کی گیند پر صرف چار رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنے والے خوشدل شاہ میدان میں آئے اور سلمان کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔ خوشدل نے اننگز کے 42 ویں اوور میں پاکستان کی جانب سے پہلا چھکا لگایا۔
دونوں کے درمیان 35 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سلمان علی آغا صرف 19 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ کلدیپ نے اس سے اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو بھی صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
پاکستانی بیٹرز انڈین سپنرز کے آگے بالکل بے بس نظر آئے اور رنز بنانے میں ناکام رہے۔ پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ بھی کلدیپ یادو کا شکار بنے۔ نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث رؤف تھے وہ آٹھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 38 رنز بنا کر 50 ویں اوور میں ہرشت رانا کا شکار بنے۔