پاکستان نے ون ڈےسیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سلمان علی آغاکی سنچری اور حسین طلعت کیففٹی کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 299 رنز بنائے۔
سلمان علی آغااورحسین طلعت کی بہترین بیٹنگ
پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا۔اوپنر صائم ایوب 14 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنانے کے بعد فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
فخر زمان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے، تاہم فخر زمان 68 کے مجموعی اسکور پر 32 رنز بنانے کے بعد ہسارنگا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔
محمد رضوان بھی 5 رنز بنانے کے بعد 76 کے مجموعی اسکور پر ہسارنگا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، بابر اعظم بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور 95 کے مجموعی اسکور پر 51 گیندوں پر 29 رنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
ایک وقت میں پاکستان کی 95 رنز پر 4 وکٹیں گر چکی تھی، اس دوران سلمان علی آغا اور حسین طلعت کے درمیان 138 رنز کی شاندار شراکت نے پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لا کھڑاکیا، بعد ازاں سلمان علی آغا اور محمد نواز نے 66 رنز کی مزید پارٹنر شپ لگا کر قومی ٹیم کے مجموعے کو 299 رنز تک پہنچایا۔
سری لنکا کی بیٹنگ
سری لنکن اوپنرز نے300 رنزکے ہدف کے تعاقب میں بہترین بلے بازی کی اور 85 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی حارث رؤف کے ہاتھوں کامیل مشارا کی وکٹ کی صورت میں ملی۔انہوں نے 36 رنز بنائے۔ اگلی ہی گیند میں کسال مینڈس بھی بولڈ ہوگئے۔
حارث رؤف نے ہی پاکستان کو 90 اور 147 رنز پر پاکستان کو تیسری اور چوتھی کامیابی دلائی۔
سری لنکن بیٹرز ایک ایک آؤٹ ہوتے گئے لیکن ہدف کے تعاقب میں ان کا رنز اوسط خراب نہیں ہوا۔ محمد نواز کی گیند پر کپتان چراتھ اسالانکا کے اسٹمپ ہونے کے بعدپاکستان کی فتح کے آثار نمایاں ہوئے۔ 191رنز کے مجموعے پر جانتھ لیانگے آؤٹ ہوئے تو ان کی رنز بنانے کی رفتار دھیمی پڑگئی۔
اس موقع پر ونندوہسارنگا نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ اور ایک مرتبہ پھر سری لنکا کی فتح کی امید جگائی۔
آخری 12گیندوں پر سری لنکا کو فتح کے لئے 23 رنز اور پاکستان کو دو وکٹیں درکار تھیں۔ 49 ویں اوور کی چوتھی گیند پر نسیم شاہ نے ونندو ہسارنگا کی مزاحمت بھی ختم کردی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
سری لنکا مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 293رنزبناپائی اور پاکستان6 رنزسے میچ جیت گیا۔


