اہم ترین

اکشے کمار کی گول مال سیریز میں انٹری

بالی ووڈ کی مقبول ترین کامیڈی فرنچائز ’گول مال‘ ایک بار پھر بڑے دھماکے کے لیے تیار ہے۔ ہدایتکار روہت شیٹی کی فلم ’گول مال 5‘ جلد ہی فلور پر جانے والی ہے اور اس بار فلم میں ایک زبردست اور حیران کن اضافہ سامنے آیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اکشے کمار اس فلم میں ولن کا کردار نبھائیں گے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گول مال 5 اکشے کمار اور اجے دیوگن کی ایک ساتھ چھٹی فلم ہوگی، اس سے قبل یہ جوڑی سُہاگ، خاکی، انسان، سوریاونشی اور سنگھم اگین میں نظر آ چکی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اکشے کمار لگاتار منفی کرداروں میں دکھائی دیں گے، کیونکہ وہ پریہ درشن کی فلم حیوان میں بھی سیف علی خان کے مقابل ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم دونوں فلموں میں ان کے کردار ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہوں گے۔

گول مال 5 میں فرنچائز کی جانی پہچانی اسٹار کاسٹ بھی واپس آ رہی ہے، جن میں ارشاد وارثی، تشار کپور، شریاس تلپڑے اور کنال کیمو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جونی لیور، سنجے مشرا، مکیش تیواڑی اور اشونی کالسیکر بھی فلم کا حصہ ہوں گے۔ شریمن جوشی اور کرینہ کپور خان کی واپسی کے امکانات بھی ہیں، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔

فلم کی شوٹنگ فروری 2026 کے آخر میں ممبئی کے فلم سٹی میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ فلم اگلے سال شاندار سینما ریلیز کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔ روہت شیٹی تقریباً 9 سال بعد کامیڈی کی دنیا میں واپسی کر رہے ہیں، جس کے باعث شائقین میں جوش و خروش عروج پر ہے۔

پاکستان