پاکستان سُپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے بنگلہ دیش کے تجربہ کار فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ لاہور قلندرز نے مستفیض الرحمٰن سے 6 کروڑ 44 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا ہے۔
مستفیض الرحمٰن اس سے قبل بھی لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ 2016 اور 2018 کے ایڈیشنز میں قلندرز کے اسکواڈ کا حصہ رہے، جہاں اپنی نپی تُلی سوئنگ اور مؤثر بولنگ کے باعث نمایاں کارکردگی دکھائی۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے اونر ثمین رانا نے کہا کہ مستفیض الرحمٰن صرف ایک بہترین فاسٹ بولر ہی نہیں بلکہ لاہور قلندرز فیملی کا اہم حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستفیض کی دوبارہ واپسی پر وہ بے حد خوش ہیں اور انہیں ٹیم میں دوبارہ دیکھنا باعثِ فخر ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے مستفیض الرحمٰن کی واپسی کو پی ایس ایل 11 کے لیے ٹیم کی بولنگ لائن اپ کو مضبوط بنانے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔










