اہم ترین

سری لنکا کی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی اپیل

سری لنکا نے پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ اس پیش رفت نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے، جس میں بائیکاٹ کے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

خط میں پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرے تاکہ ٹورنامنٹ اور میزبان ملک کو کسی بڑے نقصان سے بچایا جا سکے۔

سری لنکا کرکٹ نے اپنے خط میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ اگر دونوں روایتی حریفوں کے درمیان یہ ہائی پروفائل مقابلہ منسوخ ہوا تو سری لنکا کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے، جسے ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ میچ کی منسوخی کی صورت میں نہ صرف نشریاتی حقوق اور اسپانسرشپ متاثر ہوں گی بلکہ سری لنکا میں متوقع سیاحتی آمدن میں بھی نمایاں کمی کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال اس خط یا بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

پاکستان