اہم ترین

آن لائن جوئے کی تشہیر کا کیس: یوٹیوبر ڈکی بھائی اور اہلیہ پر فردِ جرم عائد

سماعت لاہور کی مقامی عدالت نے آن لائن جوئے کی ایپ کی تشہیر کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر پر باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی۔

سماعت کے دوران یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کی جانب سے فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔

یہ مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے درج کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آن لائن جوئے کی ایپس کی تشہیر کی، جو ملکی قوانین کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہوں کو 23 فروری کے لیے طلب کر لیا، جس کے بعد کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کی تشہیر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس طرح کی تشہیر نوجوانوں کو جوئے جیسی لت کی طرف دھکیل رہی ہے، جس کے باعث متعدد معروف سوشل میڈیا شخصیات کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔

پاکستان