تصویر دیکھی اور غائب! جین زی کے لئے انسٹاگرام لارہا ہے انسٹنٹس فیچر

اسنیپ چیٹ اور انسٹاگرام کے درمیان مقابلہ نئی بات نہیں۔۔ دونوں پلیٹ فارمز کی انتظامیہ ایک دوسرے پر سبقت کے لئے نت نئے فیچر متعارف کراتے رہتے ہیں۔ اسی لیے انسٹاگرام پر فوٹو شیئرنگ کا انداز بدلنے والا ہے، نیا فیچر عارضی تصاویر اور ویڈیوز کی سہولت دے گا۔

انسٹاگرام صارفین، خاص طور پر جنریشن زی ( جین زی ) کے لیے خوشخبری ہے۔ میٹا جلد ہی انسٹاگرام میں ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جو اسنیپ چیٹ سے کافی حد تک ملتا جلتا ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق اس فیچر کا نام انسٹنٹس ہو سکتا ہے، جسے اندرونی طور پر شاٹس کہا جا رہا ہے۔

یہ نیا فیچر خاص طور پر ٹیمپریری (عارضی) فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اسنیپ چیٹ کی طرح، جیسے ہی سامنے والا صارف تصویر یا ویڈیو دیکھ لے گا، وہ خودبخود غائب ہو جائے گی اور اسے سیو کرنے کا کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

تیک کرنچ کے مطابق اگر وصول کرنے والا صارف 24 گھنٹوں کے اندر تصویر یا ویڈیو اوپن نہ کرے تو وہ خود ہی ایکسپائر ہو جائے گی۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف ڈائریکٹ میسجز میں ہی مواد شیئر کر سکیں گے۔

انسٹاگرام نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچر صرف ان صارفین کے لیے ہوگا جو ایک دوسرے کو فالو کرتے ہیں، یعنی اجنبی افراد کے ساتھ یہ تصاویر یا ویڈیوز شیئر نہیں کی جا سکیں گی۔ اس کے علاوہ، ان تصاویر میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوگی تاکہ مواد بالکل قدرتی اور فوری رہے۔

اگرچہ انسٹاگرام پر پہلے ہی وینش موڈ ویو ونس اور آٹو ڈیلیٹ جیسے آپشنز موجود ہیں، لیکن کمپنی اس نئے فیچر کے ذریعے عارضی فوٹو شیئرنگ کو مزید آسان اور مرکزی حصہ بنانا چاہتی ہے۔ اس فیچر کی کچھ ممالک میں ٹیسٹنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔