حکومت کی کفایت شعاری مہم:ہفتے میں دو دن اسمارٹ لاک ڈاؤن پر غور

وفاقی حکومت نے خطے میں جنگی صورت حال اور توانائی کی بچت کے لئے ہفتے میں دو دن اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز دے دی ہے، جس کے تحت ہفتہ اور اتوار کو ملک بھر میں جزوی بندش کی سفارش کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ تجاویز صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو بھجوا دی گئی ہیں، اور حتمی فیصلے کے لیے ان کی رضا مندی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت سمارٹ لاک ڈاؤن ہر ہفتے ہفتہ دن 12 بجے سے اتوار رات 12 بجے تک نافذ کیا جائے گا، جبکہ بعض تجاویز کے مطابق اس کا آغاز جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس دوران تمام کمرشل سرگرمیاں، مارکیٹس، دفاتر اور کاروباری مراکز بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شادی بیاہ، تقریبات اور دیگر سماجی اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی سخت اقدامات زیرِ غور ہیں، جن کے تحت ہائی ویز اور موٹرویز کو بند رکھنے کی سفارش شامل ہے تاکہ لوگوں کی نقل و حرکت محدود کی جا سکے۔

ابتدائی طور پر اس اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی تاریخ 4 اپریل تجویز کی گئی ہے، تاہم اس کا باضابطہ اعلان صوبوں کی مشاورت اور منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔