اہم ترین

ایران کا امریکا سے مذاکرات میں جزوی پیش رفت کا دعویٰ

ایران نے امریکا کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات میں جزوی پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے، تاہم چند اہم نکات پر اختلاف برقرار رہنے کے باعث حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان کئی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا ہوا، لیکن دو سے تین کلیدی نکات ایسے ہیں جہاں اختلافات ختم نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات چیت ایک پیچیدہ پس منظر میں ہوئی، جہاں حالیہ جنگ کے بعد بداعتمادی اور شکوک و شبہات کا ماحول موجود تھا۔ ان کے بقول ایسی صورتحال میں فوری اور جامع معاہدے کی توقع رکھنا غیر حقیقی تھا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ مذاکرات کے دوران کچھ نئے اور حساس معاملات بھی زیرِ بحث آئے، جن میں آبنائے ہرمز جیسے اہم موضوعات شامل ہیں، جو اپنی نوعیت کے اعتبار سے پیچیدہ اور کثیر جہتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارتی عمل جاری رہے گا اور پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ کسی قابلِ قبول حل تک پہنچا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری ایک مسلسل عمل ہے، جو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، اور یہی راستہ آگے بڑھنے کا واحد مؤثر ذریعہ ہے۔

پاکستان