ارجن رام پال کی زندگی کا کڑا امتحان: 14 فلمیں فلاپ، کرائے کے بھی پیسے نہیں تھے

بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن رام پال کی زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مسلسل 14 فلموں کی ناکامی نے ان کے کیریئر کو ہلا کر رکھ دیا اور حالات یہاں تک پہنچ گئے کہ وہ اپنے گھر کا کرایہ تک ادا نہیں کر پا رہے تھے۔

ارجن رام پال نے 17 سال کی عمر میں ماڈلنگ شروع کی اور چند برسوں میں ہی سپر ماڈل بن گئے، لیکن فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ان کا سفر آسان نہیں رہا۔ ان کی ابتدائی فلمیں جیسے موکش اور پیار عشق اور محبت زیادہ کامیاب نہ ہو سکیں، اور پھر فلاپ فلموں کا ایک لمبا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مشکل وقت میں بھی ارجن نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے خود پر کام جاری رکھا اور نئے کرداروں کو آزمایا۔ بالآخر فلم راک آن نے ان کی قسمت بدل دی، جس کے لیے انہیں نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔

اس کے بعد شاہ رخ خان کی فلم ڈان اور اوم شانتی اوم میں ولن کے کردار نے انہیں نئی پہچان دی۔ ان کے منفی کرداروں کو ناظرین نے بے حد پسند کیا اور وہ ایک مضبوط اداکار کے طور پر ابھرے۔

کچھ عرصے بعد جب فلموں میں کامیابی کم ہونے لگی تو ارجن نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا رخ کیا، جہاں دی فائنل کال اور لندن فائلز جیسے پروجیکٹس میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔

اب ان کی نئی فلم دھریندر ان کے کیریئر کا اہم موڑ بن کر سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے ایک حساس اور طاقتور کردار ادا کیا ہے۔

ارجن رامپال کی کہانی یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر محنت اور حوصلہ ہو تو ناکامیاں بھی کامیابی کی راہ ہموار کر دیتی ہیں۔