ہسپانوی پولیس نے معروف فیشن برانڈ مینگوکے بانی آئسیک اینڈیک کے بڑے بیٹے جوناتھن اینڈک کو اپنے والد کی موت کے کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جوناتھن اینڈک کو بارسلونا کے قریب مارٹوریل کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی گئی۔ 71 سالہ آئسیک اینڈیک دسمبر 2024 میں مونٹسیراٹ پہاڑی علاقے میں ہائیکنگ کے دوران گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگئے تھے۔ واقعے کے وقت ان کے ساتھ صرف ان کا بیٹا جوناتھن موجود تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو حادثہ قرار دے کر جنوری 2025 میں کیس بند کردیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں جوناتھن اینڈک کے بیان میں مبینہ تضادات سامنے آنے پر پولیس نے کیس دوبارہ کھول دیا۔
خاندانی ذرائع نے جوناتھن اینڈک کی بے گناہی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات سے حقیقت سامنے آجائے گی۔ دوسری جانب جوناتھن اینڈک نے بھی کسی بھی قسم کی ذمہ داری سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے والد کی موت ایک حادثہ تھی۔
مینگو دنیا کے بڑے فیشن برانڈز میں شمار ہوتا ہے اور اس کے تقریباً تین ہزار اسٹورز دنیا بھر میں موجود ہیں۔


