اہم ترین

اداکارہ مومنہ اقبال کا ہرسانی کا الزام : ن لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی این سی سی آئی اے پیشی


پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات پر مسلم لیگ ن کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پیش ہوئے، جہاں اداکارہ بھی اپنے وکلا کے ہمراہ تحقیقات میں شامل ہوئیں۔

مومنہ اقبال نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے مختلف اداروں سے رجوع کیا تاہم ان کی شکایات پر مؤثر کارروائی نہیں ہو رہی تھی۔

این سی سی آئی اے میں پیشی کے دوران اداکارہ کی جانب سے مبینہ ہراسانی سے متعلق ثبوت بھی جمع کروائے گئے۔ ذرائع کے مطابق ادارے نے مومنہ اقبال سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

پیشی کے بعد اداکارہ کے وکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ثاقب چدھڑ نے 2022 میں مومنہ اقبال کو شادی کا پیغام بھیجا تھا۔ وکلا کے مطابق بعد میں اداکارہ کو معلوم ہوا کہ ایم پی اے پہلے سے شادی شدہ ہیں اور تیسری شادی کے خواہاں تھے، جس پر مومنہ اقبال نے تعلق ختم کر دیا۔

وکلا کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی شادی کہیں اور طے ہونے کے بعد مبینہ طور پر انہیں ہراساں کیا جانے لگا اور ان کے منگیتر کے خلاف بھی ایک بے بنیاد مقدمہ درج کروایا گیا۔ ان کے مطابق شادی کی تیاریوں میں مصروف افراد کو بھی دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا ہے، تاہم شادی مقررہ وقت پر ہی ہوگی۔

اداکارہ کی بہن رمشا اقبال نے این سی سی آئی اے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مومنہ اقبال کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور تمام شواہد متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

دوسری جانب ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں سوشل میڈیا پر مبینہ غیر مناسب مواد اپ لوڈ کیے جانے کے حوالے سے نوٹس موصول ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الزامات کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی باقاعدہ مؤقف دیا جائے گا۔

ادھر رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مومنہ اقبال اور ان کے خاندان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف ہراسانی یا تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان