ایران کے ساتھ جو بھی ڈیل ہوگی اچھی ہوگی:امریکی وزیر جنگ

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ممکنہ معاہدہ بہتر ہوگا، تاہم تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران اچھی طرح جانتا ہے کہ اسے معاہدے کے لیے کیا اقدامات کرنے ہیں اور امریکہ اس حوالے سے واضح مؤقف رکھتا ہے۔

پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ ایران کسی صورت نیوکلیئر بم حاصل نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق امریکہ اس مقصد کے حصول کے لیے سفارتی اور دفاعی دونوں آپشنز کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم امریکہ ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر دفاعی اقدامات سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

امریکی وزیر جنگ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات مثبت رہے ہیں اور امید ہے کہ کسی قابلِ قبول معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کا ایک مخلص دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق آئندہ عرصے میں دونوں ممالک کی دفاعی ٹیموں کے باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رکھنے کی کوشش ہوگی۔

پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکہ اپنی قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی صلاحیت اور تیاری رکھتا ہے، تاہم ترجیح ہمیشہ سفارت کاری ہی رہے گی۔