ایران پر جنگ کابوجھ پوری مسلم دنیامیں اٹھایاجارہاہے: بلاول بھٹوزرداری

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کوئی ایسا سیاستدان نہیں جس نے ان کی طرح عوامی دورے کیے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات کے دوران وہ گلگت بلتستان آئے تھے اور علاقے کی ہر تحصیل کا دورہ کیا تھا۔

سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتوں کے دوروں کو یکجا بھی کر دیا جائے تو بھی پیپلزپارٹی اور ان کے دوروں کی تعداد زیادہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا عوام سے تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ نسلوں پر محیط رشتہ ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ انتظار کر رہے تھے کہ فیلڈ مارشل کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششیں کامیاب ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ظلم ہوا، اسکول پر میزائل حملے میں بچیاں شہید ہوئیں جبکہ فلسطینی عوام بھی مسلسل مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ جنگ کے خلاف اور امن کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے متعلق جنگ کے اثرات پوری مسلم دنیا پر پڑ رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی بحران کا بوجھ بھی تمام ممالک اٹھا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ ایران سے متعلق جاری امن کوششیں کامیاب ہوں گی اور خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔