ناروے کی ولی عہد شہزادی میٹے میریٹ کو پھیپھڑوں کی ایک نایاب اور لاعلاج بیماری کے باعث پھیپھڑوں کی پیوندکاری (لنگ ٹرانسپلانٹ) کے لیے ویٹنگ لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شاہی خاندان میں ان کی صحت کے حوالے سے شدید بے یقینی پیدا ہو گئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ناروے کی ولی عہد شہزادی میٹے میریٹ 2018 سے پلمونری فائبروسس نامی نایاب بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس بیماری میں پھیپھڑوں کے عضلات پر زخم اور سختی پیدا ہو جاتی ہے، جس سے سانس لینے میں دشواری اور جسم کو آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔
اوسلو یونیورسٹی اسپتال کے ماہر امراضِ سینہ ایرے ہولم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران شہزادی کے پھیپھڑوں میں زخموں کی مقدار نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے جبکہ صرف گزشتہ تین ماہ میں ان کے پھیپھڑوں کی کارکردگی میں بھی خطرناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈاکٹر آرے ہولم کے مطابق یہی وجہ ہے کہ شہزادی کو فوری طور پر پھیپھڑوں کی پیوندکاری کے انتظار کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں وہی مریض شامل کیے جاتے ہیں جن کی حالت سنگین ہو لیکن وہ اتنے صحت مند بھی ہوں کہ بڑے آپریشن کے بعد صحت یاب ہو سکیں۔
تاہم ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ پیوندکاری کی کوئی ضمانت نہیں، کیونکہ اس کے لیے خون کے گروپ اور جسمانی ساخت سے مطابقت رکھنے والا ڈونر درکار ہوگا، جبکہ ترجیح بھی طبی ضرورت کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔
شاہی محل کے مطابق شہزادی میٹے میریٹ پیوندکاری کے انتظار کے دوران اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام نہیں دے سکیں گی، جس کے اثرات ولی عہد شہزادی ہاکون اور شاہی خاندان کی دیگر سرگرمیوں پر بھی پڑیں گے۔
شہزادی کی خرابیٔ صحت کے باعث اگست 2026 میں ہونے والی ان کی اور شہزادہ ہاکون کی شادی کی 25ویں سالگرہ کی تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں، جبکہ وہ 13 جون کو اسٹاک ہوم میں منعقد ہونے والی سویڈن کے شاہی جوڑے کی گولڈن ویڈنگ تقریب میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گی۔
ادھر شہزادہ ہاکون اپنی اہلیہ کے ساتھ رہنے کے لیے جاپان کا سرکاری دورہ مختصر کرکے واپس آ گئے ہیں، جبکہ ان کی بیٹی شہزادی انگرید الیگزیڈرا نے بھی آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف سڈنی میں جاری تعلیم عارضی طور پر روک کر ناروے واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
شہزادی میٹے میریٹ حالیہ دنوں میں عوامی تقریبات میں آکسیجن سپورٹ کے ساتھ بھی دیکھی گئی ہیں۔ ان کی بگڑتی ہوئی صحت کے باعث ناروے بھر میں ان کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


