قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے انتظامی اور تکنیکی فیصلوں پر غور تیز ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ حکام ٹیم کے ڈھانچے میں تبدیلیوں اور سابق اسٹار کرکٹرز کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن نتائج کے بعد ہیڈ کوچ سرفراز احمد کی کارکردگی بھی زیر بحث آ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بورڈ نے کوچنگ سیٹ اپ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا تو سابق کپتان یونس خان مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔ تاہم اگر موجودہ کوچنگ سیٹ اپ برقرار رہا تو یونس خان کو بورڈ میں کوئی اور اہم عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی بورڈ حکام سے ملاقات کی ہے اور پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات انجام دینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ انہیں سلیکشن کمیٹی یا ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ جیسے اہم کرداروں میں شامل کیا جا سکتا ہے، جس کا حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔
ادھر ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی پوزیشن بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ناکامی کے بعد ان کی قیادت پر سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے ہیں اور انہیں اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا پیغام بھی دیا گیا ہے۔ تاہم شان مسعود نے آئندہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں تک مزید موقع دینے کی درخواست کی ہے۔
پاکستان ٹیم رواں برس ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز اور اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ مقابلوں میں شرکت کرے گی، جس سے قبل بورڈ کی جانب سے اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


