پاکستانی ای اسپورٹس کے لیے ایک تاریخی لمحہ اس وقت رقم ہوا جب 4 تھرائیوز نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقدہ پب جی موبائل گلوبل اوپن سیزن 1 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے پہلی بار کسی عالمی پب جی موبائل چیمپئن شپ کی ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
پانچ لاکھ ڈالر کے مجموعی انعامی فنڈ پر مشتمل اس عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 بہترین ٹیموں نے شرکت کی، تاہم پاکستانی ٹیم نے غیرمعمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 4 تھرائیوز نے ایونٹ میں براہِ راست نہیں بلکہ لاسٹ چانس کوالیفائر کے ذریعے جگہ بنائی تھی، مگر فائنل مرحلے میں ٹیم نے آغاز ہی سے اپنی برتری ثابت کر دی۔ پہلے روز چھ میچز میں 82 پوائنٹس حاصل کرکے پاکستانی اسکواڈ نے ٹورنامنٹ کی قیادت سنبھال لی۔
فائنل مرحلے کے آخری روز اسمیش رول کے تحت چیمپئن بننے کے لیے مطلوبہ پوائنٹس کے ساتھ ایک چکن ڈنر بھی ضروری تھا۔ پاکستانی ٹیم نے ابتدائی میچ میں مطلوبہ پوائنٹس حاصل کر لیے، تاہم بعد کے مقابلوں میں اسے سخت مقابلے اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی پوزیشن برقرار رکھی اور بالآخر عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 122 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ یو ایل ایف ای اسپورٹس 104 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور فیوریا ای اسپورٹس97 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔


