عالمی شہرت یافتہ اداکارہ اور پروڈیوسر پریانکا چوپڑا جوناس نے اعتراف کیا ہے کہ ہالی ووڈ میں ان کا فنی سفر اب بھی بالی ووڈ میں قائم کردہ شاندار کیریئر کے مقابلے میں محدود ہے۔
کانز لائنز کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں انہیں بہترین ہدایت کاروں اور نامور اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جہاں انہوں نے مختلف اصناف اور منفرد کہانیوں پر مبنی کردار ادا کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’’بالی ووڈ میں مجھے متنوع کردار اور شاندار کہانیاں ملیں، لیکن ہالی ووڈ میں ابھی تک اس نوعیت کے مواقع اتنی بڑی تعداد میں نہیں ملے۔‘‘
پریانکا کے مطابق جب انہوں نے ہالی ووڈ میں قدم رکھا تو انہیں ایک کامیاب اسٹار ہونے کے باوجود نئے فنکار کی طرح دوبارہ آغاز کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جنوبی ایشیائی اداکاروں کے لیے ہالی ووڈ میں مواقع بہت محدود تھے، تاہم اب حالات بدل رہے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آنے والے برسوں میں وہ انگریزی زبان کے منصوبوں میں بھی ویسی ہی متنوع اور چیلنجنگ کردار ادا کریں جیسا انہیں بھارت میں کرنے کا موقع ملا۔
اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ گلوکار نک جوناس سے شادی اور بیٹی مالتی میری کی پیدائش کے بعد ان کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب وہ پہلے کی طرح مسلسل سفر یا ایک سال میں کئی فلمیں نہیں کرتیں بلکہ اپنے وقت اور منصوبوں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کام کرنے والی ماں کی حیثیت سے زندگی گزارنے کے بعد انہیں اپنی والدہ کی جدوجہد اور قربانیوں کا پہلے سے کہیں زیادہ احساس ہوا ہے۔
پریانکا چوپڑا جلد ہی کئی بڑے ہالی ووڈ منصوبوں میں نظر آئیں گی، جبکہ وہ بھارتی سینما میں بھی واپسی کی تیاری کر رہی ہیں، جس کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔











