فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز بلوچستان میں تشدد اور بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں امن، ترقی اور قومی یکجہتی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
آرمی چیف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہوگا، جبکہ عوام کی ثابت قدم حمایت سے پائیدار امن کا حصول ممکن ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گے۔ انہوں نے دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات کے مقابلے کے لیے دہشت گردوں کے انفراسٹرکچر کو ہر سطح پر ختم کرنے کا پختہ عزم موجود ہے۔ ان کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز بلوچستان میں تشدد اور بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم مسلح افواج کے مؤثر ردعمل اور عوام کے اتحاد سے ان کے عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
آرمی چیف نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال اور محب وطن عوام کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے جامع اور عوام پر مبنی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے، جبکہ سول سوسائٹی، اکیڈیمیا، میڈیا اور نوجوان قومی یکجہتی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے عزم کا اعادہ کیا۔










