اہم ترین

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 32 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 32 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر متعدد سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران مختلف ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ متعدد آپریشنز کیے گئے، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر کے تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی موجود دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” مہم کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

پاکستان