وسطی یورپ میں جاری شدید گرمی اور طویل خشک سالی کے باعث ہنگری کا واحد جوہری بجلی گھر پاکش آئندہ ہفتے عارضی طور پر بند کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کے مطابق دریائے ڈینیوب میں پانی کی سطح غیرمعمولی حد تک کم ہونے کے باعث ری ایکٹروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے درکار پانی دستیاب نہیں رہا۔
وزیراعظم پیٹر میگیار نے جوہری پلانٹ کے دورے کے دوران بتایا کہ موجودہ اندازوں کے مطابق بجلی گھر منگل یا بدھ کے روز بند کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ پہلے ہی گزشتہ چند روز سے اپنی پیداواری صلاحیت کم کر چکا ہے۔
بوڈاپیسٹ کے جنوب میں واقع پاکش جوہری بجلی گھر ہنگری کی سالانہ بجلی کا تقریباً 40 فیصد فراہم کرتا ہے۔ اس کے چاروں ری ایکٹر سوویت دور کی ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں اور انہیں ٹھنڈا رکھنے کے لیے دریائے ڈینیوب کا پانی استعمال کیا جاتا ہے۔ پلانٹ کے آپریٹر نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ موجودہ حالات میں بندش ناگزیر ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مئی سے جاری مسلسل ہیٹ ویوز اور بارشوں کی شدید کمی کے باعث دریائے ڈینیوب کے کئی حصوں میں پانی کی سطح ریکارڈ حد تک گر چکی ہے۔ اسی وجہ سے رومانیہ بھی اپنے ایک جوہری ری ایکٹر کو بند کر چکا ہے جبکہ دوسرے ری ایکٹر کی بندش کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
شدید گرمی نے پورے وسطی یورپ میں معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ ہنگری کی حکومت نے کاروباری اداروں سے بجلی کا استعمال کم کرنے کی اپیل کی ہے، کھلے مقامات پر آگ جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور سرکاری عمارتوں کی آرائشی روشنیاں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ توانائی کی بچت کی جا سکے۔
دارالحکومت بوڈاپیسٹ کے قریب سینٹ اینڈرے شہر میں ہزاروں افراد کو پانی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے، جہاں ہنگامی بنیادوں پر پانی کے ٹینکر بھیجے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سلوواکیہ کے دارالحکومت براتسلاوا میں شہریوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے درجنوں کولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سلووینیا میں جنگلاتی آگ کے انتہائی خطرے کے پیش نظر احتیاطی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔
ادھر آسٹریا میں 31 جولائی کے روز جولائی کا نیا قومی درجہ حرارت ریکارڈ قائم ہوا، جہاں 40.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیاتی اداروں کے مطابق ملک اس وقت شدید خشک سالی کا سامنا کر رہا ہے اور سال کے آغاز سے اب تک معمول سے تقریباً 30 فیصد کم بارش ہوئی ہے، جس سے پانی اور توانائی کے بحران میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔











