اہم ترین

پاکستان ہر شہری کا برابر کا وطن ہے: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ہر شہری کا برابر کا وطن ہے، خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم کی حقیقی طاقت اس کے تمام شہریوں کے وقار، مساوات، آزادی اور مساوی شہریت میں مضمر ہے۔ اقلیتی برادریوں کی قربانیاں، خدمات اور قومی تعمیر میں ان کا کردار پاکستان کے وجود کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اقلیتوں کے خواب ہمارے خواب اور ان کی امیدیں ہماری امیدیں ہیں، جبکہ اقلیتی برادریوں کا مستقبل پاکستان کے مستقبل سے جدا نہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی برادریوں کے آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور مساوی شہریت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا وژن ایک ایسے پاکستان کا تقاضا کرتا ہے جہاں تنوع کو قومی طاقت سمجھا جائے اور ہر شہری خوف اور امتیاز کے بغیر وقار کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

انہوں نے کہا کہ 1973ء کا متفقہ آئین قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کے لیے تاریخی تحفہ ہے، جو تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسانی حقوق، اقلیتوں کے حقوق اور مساوات کی ہمیشہ توانا آواز اور علمبردار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں 11 مارچ کو اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے مطابق یہ اقدام رواداری، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے صدر آصف علی زرداری کے پائیدار عزم کا آئینہ دار ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے قوم پر زور دیا کہ وہ ایسے پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کرے جہاں ہر مذہب کا احترام ہو، ہر آواز کو وقار کے ساتھ سنا جائے اور ہر شہری کو مساوی حقوق، مواقع اور محفوظ مستقبل حاصل ہو۔

پاکستان