اہم ترین

دنیا بھر میں قدرتی آفتیں: 2026 کے ابتدائی 6 ماہ میں 100 ارب ڈالر کا نقصان

دنیا بھر میں قدرتی آفات سے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ہونے والے معاشی نقصانات کا تخمینہ 100 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، تاہم یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں کم ہے۔

سوئس ری کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں قدرتی آفات سے 152 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا، جبکہ رواں سال کا نقصان گزشتہ 10 برس کی اوسط سے بھی تقریباً 10 فیصد کم رہا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں شدید طوفانوں اور جون میں وینزویلا میں آنے والے ہلاکت خیز زلزلوں کے باوجود مجموعی نقصان گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہا۔

تاہم سوئس ری نے خبردار کیا ہے کہ سال کے دوسرے نصف میں قدرتی آفات سے نقصانات میں اضافہ ہوسکتا ہے، خصوصاً شمالی بحر اوقیانوس میں آنے والے سمندری طوفانوں کے باعث۔

سوئس ری کے مطابق یورپ میں جون سے جاری شدید گرمی کے باعث فرانس اور اسپین میں جنگلات کی آگ کا موسم بھی جلد شروع ہوگیا، جس سے ہزاروں گھر، کاروبار اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں جنگلات کی آگ کو دنیا بھر میں سب سے تیزی سے بڑھنے والا موسمی خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ یورپ میں مہنگائی کے اثرات کو نکالنے کے بعد 1970 سے اب تک جنگلات کی آگ سے بیمہ شدہ نقصانات میں سالانہ 8 سے 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سوئس ری نے مزید خبردار کیا کہ جون میں شروع ہونے والا ال نینو موسمیاتی رجحان رواں سال کے آخر میں موسمیاتی آفات کی شدت اور نقصانات میں اضافہ کرسکتا ہے۔

پاکستان