اہم ترین

آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے پر اومان ایران مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل

اومان اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق جاری مذاکرات اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مذاکرات میں نمایاں پیش رفت اور دونوں جانب سے مثبت ردعمل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات ایک اہم مرحلے تک پہنچ چکے ہیں اور قطر ثالث کی حیثیت سے آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولنے کا خواہاں ہے۔ قطر ایسے کسی بھی فارمولے کی حمایت کرے گا جو آبنائے ہرمز کی سلامتی اور وہاں آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنائے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ضروری ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے اس کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ حالیہ ایران جنگ کے دوران اس آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت شدید متاثر ہوئی، جس سے خطے کی تیل اور گیس کی برآمدات کے ساتھ عالمی توانائی منڈیوں پر بھی دباؤ بڑھا۔ حالیہ دنوں میں عمان اور ایران کے درمیان محفوظ بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے بات چیت میں تیزی آئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اومان اور ایران کے درمیان ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ممکنہ محفوظ راستے اور انتظامات پر بھی بات چیت ہوئی ہے، تاہم بعض اہم معاملات پر اتفاق رائے ابھی باقی ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمان اور ایران کی جانب سے مثبت ردعمل موصول ہوا ہے، جس سے مذاکرات میں پیش رفت کی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم حتمی معاہدے کے لیے مزید بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب قطر نے غزہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے بھی عالمی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے اور اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ قطر کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے کشیدگی کم کرنے کے ساتھ غزہ میں طے پانے والے معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد بھی ضروری ہے۔

عمان اور قطر اس بحران میں سفارتی کوششوں کے اہم کردار بنے ہوئے ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ محفوظ اور معمول کی بحری آمدورفت کے لیے کھولنا خطے کے ساتھ عالمی معیشت کے لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ حالیہ مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات کے باوجود آج کی صورتحال میں خلیجی منڈیوں میں ہرمز کے معاملے پر غیر یقینی برقرار ہے۔

پاکستان