حج ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے سرکاری حج اسکیم کے واجبات کی پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں درخواستوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے عازمینِ حج کی جانب سے آن لائن ادائیگیاں کامیابی سے کی جا رہی ہیں، جبکہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کی پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر تین مختلف ذرائع متعارف کرائے گئے ہیں۔
عازمینِ حج ون لنک پی ایس آئی ڈی، بینک کارڈ اور مینول بینک چالان کے ذریعے اپنے واجبات ادا کر سکتے ہیں۔ اس سہولت کا مقصد ادائیگی کے عمل کو آسان، تیز اور زیادہ شفاف بنانا ہے تاکہ عازمین کو بینکوں کے چکر لگانے کی ضرورت کم سے کم پڑے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ابتدائی 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 31 ارب روپے کی ادائیگیاں مکمل کی جا چکی ہیں، جو حج واجبات کی ادائیگی کے عمل میں عازمین کی بھرپور شرکت کو ظاہر کرتی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شارٹ حج اسکیم کے 22 ہزار جبکہ لانگ حج اسکیم کے 28 ہزار عازمین کی جانب سے ادائیگیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حج ڈیجیٹل پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے ادائیگی کا نظام ملک بھر میں مؤثر انداز سے کام کر رہا ہے، جس سے عازمین کو گھر بیٹھے واجبات کی ادائیگی کی سہولت میسر آ رہی ہے










