کراچی(ویب ڈیسک): سرکاری اسکولوں کے طلباء کے لیے منعقدہ تین روزہ ’یقین بیج‘ تربیتی کیمپ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ میں طلباء کو عملی زندگی کے لیے انتہائی ضروری مہارتیں سکھائی گئیں جن میں ہائیکنگ، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے، رسیوں سے مختلف ڈھانچے تیار کرنے اور بغیر چولہے کے کھانا پکانے جیسی سرگرمیاں شامل تھیں۔
ضلع وسطی گلستانِ اسکاؤٹ ہیڈکوارٹر میں سہہ روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ کمشنر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواز علی شاہ جیلانی کی سرپرستی و نگرانی میں کیا گیا۔
کیمپ کی قیادت اسسٹنٹ اسکاؤٹ کمشنر و ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق علی نے کی۔ کیمپ کے کامیاب انتظامات میں اسکاؤٹ سیکریٹری بشریٰ احسن اور اسکاؤٹ آرگنائزر شبانہ زاہد نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی کاوشوں سے تربیتی اور تفریحی سرگرمیاں بہترین انداز میں مکمل ہوئیں۔

خصوصی شرکت اور عملی سیشنز
کیمپ میں سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹ سیکریٹری سید اختر میر نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ضلع وسطی میں اسکاؤٹنگ کے فروغ کے لیے ڈی ای او اور ڈپٹی ڈی ای او کی کاوشوں کو سراہا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ کیمپ کے دوران ڈی ایس ایلز کی جانب سے طلباء کو مختلف عملی ورکشاپس کروائی گئیں۔ ان میں رسیوں سے گرہیں باندھنے، ہائیکنگ اور بغیر چولہے کھانا پکانے کے طریقوں کے ساتھ مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی شامل تھے۔

ریسکیو 1122 کی خصوصی تربیت
کیمپ کا نمایاں پہلو ریسکیو 1122 سندھ کی ٹیم کی شرکت تھی۔ ریسکیو ٹیم نے طلباء کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی تربیت دی۔ اسکاؤٹس کو آگ بجھانے کے طریقوں، ابتدائی طبی امداد اور مختلف ریسکیو تکنیکس کی مشقیں بھی کروائی گئیں۔

منتظمین نے طلباء اور اسکاؤٹس کے جذبے، نظم و ضبط اور بھرپور شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں میں قیادت، خود اعتمادی، خود انحصاری اور مشکل حالات سے نمٹنے کی صلاحیتیں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


