انوشکا شرما دنیابھر میں کھلاڑیوں کی مشہور ترین شریک سفر خواتین میں شامل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے کھیلوں کی دنیا سے وابستہ معروف ایتھلیٹس کی شریکِ حیات اور پارٹنرز کی عالمی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔

میڈیا پبلیکیشن وینٹکس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق انوشکا شرما دنیا کی مقبول ترین ایتھلیٹ پارٹنرز میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں انوشکا نہ صرف واحد بھارتی شخصیت ہیں بلکہ ٹاپ 5 میں جگہ بنانے والی کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی واحد شخصیت بھی ہیں۔ ان کے شوہر بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی ہیں۔

وینٹکس کی رپورٹ کے مطابق کم کارڈیشین 343 ملین یعنی 34.3 کروڑ فالوورز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

دوسرے نمبر پر امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ہیں، جن کے فالوورز کی تعداد 272 ملین یعنی 27.2 کروڑ بتائی گئی ہے۔

تیسرے نمبر پر فٹ بال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر جورجینا روڈریگز ہیں، جن کے 78.3 ملین فالوورز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انوشکا شرما اس عالمی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ برازیلین فٹ بالر وینیسیئس جونیئر کی پارٹنر ورجینیا فونسیکا 56.5 ملین فالوورز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

یوں ٹاپ 5 میں کرکٹ کی دنیا کی نمائندگی صرف انوشکا شرما کرتی ہیں، جبکہ فہرست میں فٹ بال سے وابستہ شخصیات کی تعداد زیادہ ہے۔

وینٹکس کی رپورٹ کے مطابق مکمل فہرست میں شامل 22 عالمی شخصیات کے مجموعی فالوورز کی تعداد 1.21 ارب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فٹ بال سے تعلق رکھنے والی 11 خواتین اس فہرست میں شامل ہیں اور ان کے مجموعی فالوورز 341.3 ملین ہیں۔ دوسری جانب امریکن فٹ بال سے وابستہ پانچ خواتین کے مجموعی فالوورز 376.5 ملین بتائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ موجودہ دور میں ایتھلیٹس کی بیویوں اور گرل فرینڈز کی شناخت صرف ان کے پارٹنرز کی وجہ سے نہیں ہوتی۔

انوشکا شرما اس کی ایک نمایاں مثال ہیں۔ وہ ویرات کوہلی سے شادی سے پہلے ہی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تھیں اور فلم انڈسٹری میں اپنی الگ شناخت قائم کر چکی تھیں۔ اسی طرح عالمی فہرست میں شامل متعدد خواتین بھی گلوکارہ، اداکارہ، کاروباری شخصیت یا کانٹینٹ کریئیٹر کی حیثیت سے اپنی الگ شہرت رکھتی ہیں۔