امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ نے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ انہیں 28 ستمبر کی شب پہلی بار دیے جانے والے آرٹسٹ ڈائیرکٹر آنرز سے نوازا گیا، جس کے بعد ان کے مجموعی ایم ٹی وی ایوارڈز کی تعداد 31 ہوگئی۔
اے ایف پی کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے بیونسے کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کے نام 30 ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز تھے۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ٹیلر سوئفٹ نے بتایا کہ وہ گزشتہ 20 برس سے میوزک ویڈیوز کی تیاری میں کسی نہ کسی شکل میں شامل رہی ہیں۔ ان کے مطابق وہ تقریباً 60 میوزک ویڈیوز کا حصہ بن چکی ہیں، جن میں سے 18 کی کہانی انہوں نے خود لکھی اور ہدایت کاری بھی کی۔
ٹیلر سوئفٹ نے اس موقع پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مداح ہی اس پورے سفر کو اتنا دلچسپ بناتے ہیں۔
ایم ٹی وی ایوارڈز کی تقریب میں ٹیلر سوئفٹ نے اپنے نئے گانے پیشینٹ زیرو کی میوزک ویڈیو بھی پہلی بار پیش کی۔جس کی ہدایت کاری خود ٹیلر سوئفٹ نے کی ہے، جبکہ ہالی ووڈ اداکار کولن فیرل اور ڈکوٹا جانسن بھی اس میں اداکاری کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں ڈکوٹا جانسن اور ٹیلر سوئفٹ ایک دوسرے کے عکس کے طور پر دکھائی دیتی ہیں۔
تقریب میں کئی بڑے فنکاروں نے پرفارم کیا۔ میڈونا نے اپنی 2026 کی سنگل برنگ یور لو کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا، جبکہ بعد میں انہیں آرٹسٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ میڈونا اور سبرینا کارپنٹر نے مشترکہ طور پر بہترین کولیبوریشن کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔


