دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز میں کاک پٹ جھڑپ: یو اے ای نے تحقیقات شروع کردیں

دبئی: متحدہ عرب امارات نے دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے دوران پیش آنے والے واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق یہ پرواز دوران پرواز راستہ تبدیل کر کے سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی طور پر اتاری گئی تھی۔

وزارت خارجہ نے بتایا کہ اٹارنی جنرل ڈاکٹر حمد الشمسی نے سرکاری ماہرین پر مشتمل خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو واقعے کے تمام اسباب اور حالات کی چھان بین کرے گی۔

فلائی دبئی کے مطابق پرواز کے دوران کاک پٹ میں جھڑپ اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوئی تھی جس پر عملے نے مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پایا۔

اماراتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چونکہ طیارہ یو اے ای میں رجسٹرڈ اور اماراتی پرچم کے تحت چلتا ہے، اس لیے بین الاقوامی قانون کے تحت اس پر یو اے ای کا قانون لاگو ہوتا ہے، چاہے واقعہ ملک سے باہر ہی کیوں نہ پیش آیا ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں شدت پسندی سے ممکنہ تعلق، پیشگی منصوبہ بندی اور کسی کے کہنے پر کارروائی جیسے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یو اے ای نے واقعے کو سنبھالنے پر سعودی حکام کے تعاون کو سراہا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک صرف سرکاری ذرائع کی معلومات پر اعتماد کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔