سندھ میں صہیونیت کی سیاست لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ میں صہیونیت کی سیاست لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

تھر کول بلاک ٹو میں کوئلے کی کان کی توسیع کے تیسرے مرحلے کے افتتاح کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرکول بلاک 1اور 2 ترقی کررہے ہیں، اس کا فائدہ ناصرف تھر اور سندھ بلکہ پورے پاکستان کو ہورہا ہے۔ تھر کی عوام کی محنت کی وجہ سے اس ترقی اور کامیابی کا سفر جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‏تھر کی تبدیلی صرف ایک ترقیاتی کہانی نہیں، بلکہ 1973 کے آئین، 18ویں ترمیم، صوبائی خودمختاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی کامیابی کی ایک روشن مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھر کے بچے آج صرف خواب نہیں دیکھ رہے، بلکہ اپنی محنت اور صلاحیت سے ملک اور دنیا کے امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ یہ کامیابیاں ثابت کرتی ہیں کہ اگر پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم، مواقع اور وسائل فراہم کیے جائیں تو وہ کسی سے پیچھے نہیں رہتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھر کی ترقی نے ثابت کیا ہے کہ وسائل، اختیار اور درست پالیسی کو مقامی سطح پر بروئے کار لایا جائے تو بڑے پیمانے پر تبدیلی ممکن ہے۔‏اگر تھر کے نوجوان تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتے ہیں تو یہی صلاحیت پاکستان کے دیگر علاقوں کی ترقی میں بھی کردار ادا کر سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ‏اگر اسلام آباد کو مسائل کا سامنا ہے تو تھر کے نوجوانوں اور سیاستدانوں کو موقع دیا جائے، وہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کی خدمت کر کے دکھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ منطق سمجھ نہیں آتی کہ نظام ناکام ہو گیا تو نئے صوبے بنائے جائیں، تھر کو صوبہ بنانے کی منطق بھی سمجھ نہیں آتی، کراچی میں سیاسی یتیموں کی جماعت صہیونیوں کی سیاست کرتی ہے، سندھ میں صہیونیت کی سیاست لانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کراچی میں نفرت کی سیاست کرتی ہے، تھر کے بچے ٹاپ کرتے ہیں لیکن ان کی تعریف کرنے کے بجائے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے، کچھ لوگوں کو تھر کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔