بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کی بڑی کارروائی: 96 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

اسلام آباد: وزیراعظم نے بحیرۂ عرب میں تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کرنے پر پاک بحریہ کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز یَرموک نے بحیرۂ عرب میں پاکستانی ساحل سے دور دو کامیاب انسدادِ منشیات کارروائیوں کے دوران دو کشتیوں کو روک کر بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

کارروائی کے دوران دونوں کشتیوں کے خفیہ خانوں سے تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام حشیش برآمد کی گئی۔ ضبط شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدام قرار دیتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی بحری سلامتی اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاک بحریہ کا کردار قابلِ فخر ہے۔