غزہ: اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 1501 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق بدھ کو مزید 3 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 2 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو اسرائیلی حملوں میں پہلے زخمی ہوئے تھے اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
وزارتِ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 فلسطینی زخمی ہوئے، جس کے بعد اکتوبر 2025 کی نام نہاد جنگ بندی کے بعد زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5323 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں سے تقریباً 840 لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔ وزارتِ صحت کے اعداد و شمار میں جنگ بندی کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کے ساتھ ساتھ ملبے سے ملنے والی لاشوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
غزہ میں اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے باوجود وقفے وقفے سے حملوں اور فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث علاقے میں انسانی بحران بدستور برقرار ہے۔
تازہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود شہریوں کی شہادتوں ، زخمیوں اور تباہ شدہ علاقوں سے لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ مکمل طور پر نہیں رک سکا۔


