دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی: فیلد مارشل

راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ ، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورت حال، جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ مسلسل چوکس رہتے ہوئے آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں تاکہ سکیورٹی خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی اور جہاں بھی ان عناصر کا سامنا ہوگا، انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے سکیورٹی صورت حال کے تناظر میں چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے عوام سمیت سکیورٹی فورسز کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے نظریے کو مکمل شکست دے گا۔