کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سیکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ، جن میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دوسرا آپریشن ضلع وڈھ میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ ملنے پر کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروپ ’فتنہ الہندوستان‘ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
بیان کے مطابق، عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ پاکستان سے بیرونی سرپرستی اور معاونت کے ذریعے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے


