راولپنڈی: پاکستان نے دفاعی اور فضائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے ایئر ٹو ایئر میزائل فاز کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے سے دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فاز‘ میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور میدانِ عمل میں حکمت عملی اختیار کرنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ ملکی دفاعی نظام مزید مضبوط ہوگا۔
میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں تکنیکی ترقی، جدت اور خود انحصاری کی جانب پیش رفت کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت سے مقامی سطح پر جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری اور تحقیق کے شعبے میں حاصل ہونے والی صلاحیتوں کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
میزائل کے کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا، جنہوں نے اس جدید میزائل نظام کی تیاری اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس اہم کامیابی پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ملکی قیادت نے اس کامیابی کو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور قومی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت و خود انحصاری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔


