اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مراحلہ وار کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری 2027 کو ہو گی اور شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا، پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ ہماری بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل ہے، تاہم درخواست ہے کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ دی جائے، ہمیں الیکشن کی تیاری کے لیے دو ماہ درکار ہیں۔
چیف سیکرٹری نے مؤقف پیش کیا کہ پنجاب اور لاہور میں دسمبر میں شدید دھند ہوتی ہے، 20 جنوری کے بعد موسم کھل جاتا ہے، دسمبر میں اسٹاف کے لیے انتظامات بہت تکلیف دہ ہوتے ہیں، سردی میں دن چھوٹا ہوتا ہے اور ووٹر نہیں نکلتا۔
ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ آپ تو اپریل کا الیکشن کہہ رہے تھے؟ جس پر چیف سیکرٹری نے جواب دیا کہ ہم نے دوبارہ سوچا ہے کہ جنوری اور فروری میں اعتراض نہیں، اپریل میں ہمیں الیکشن سوٹ کرتا تھا کیونکہ اپریل میں اسکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں اور روشنی کا پورا دن ملتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 20 جنوری کی درخواست پر غور کریں گے، اس کے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیں گے۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بسنت تو ویسے آپ منا رہے ہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کی درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا، فروری میں موسم بہتر ہو جاتا ہے، یہی صوبائی حکومت کا مؤقف ہے۔


