راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، جبکہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
عرب اخبار ’الشرق الاوسط‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان، سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ پاکستان سعودی عرب کو فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت سمیت ہر ممکن دفاعی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اپنی اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عملی عمل درآمد کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جس کے تحت فوجی تیاریوں میں اضافہ، عسکری رابطوں کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور دفاعی کارروائیوں کے لیے رابطہ کاری کی جائے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ فوجی اتحاد اپنے دستوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات عام نہیں کرتے، تاہم پاکستان ضرورت کے مطابق دفاعی معاونت جاری رکھے گا۔
انہوں نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
ایران کے ساتھ مذاکرات اور علاقائی امن
ایران کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے نمائندوں اور ایران کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ملاقات اور شرکت پاکستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ علاقائی تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جائے۔
ان کے مطابق اجلاس میں شریک چاروں ممالک نے امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی اتحاد
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سہ فریقی مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ دونوں معاہدوں کی نوعیت دفاعی ہے اور ان کا مقصد کسی ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک مستقبل میں اجتماعی دفاعی صلاحیت، عسکری ہم آہنگی اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔


