چکوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں، لوگ پانچ سال کو بہت طویل سمجھتے ہیں لیکن حکومت ہمیشہ نہیں رہتی، ان کی خواہش ہے کہ اپنے دور میں ایسے کام کرکے جائیں جنہیں لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔
چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اقتدار ریت کی طرح ہاتھ سے نکل جاتا ہے، اس لیے اصل اہمیت عوامی خدمت اور ایسے منصوبوں کی ہے جن کے فوائد لوگوں کو طویل عرصے تک حاصل ہوتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو تقریباً ایک ہزار دن ہوچکے ہیں، تاہم ان کے نزدیک عہدہ مستقل نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے کا موقع ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں اب ان کی نہیں بلکہ میرٹ کی حکمرانی ہے۔ سفارش پر آنے والا شخص لازماً قابل نہیں ہوتا، اس لیے حکومتی معاملات میں محنت، ذہانت اور قابلیت کو اہمیت دی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں یکساں ترقی کی کوشش کی جارہی ہے اور کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین افسران انتظامی امور میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ چکوال کی ڈپٹی کمشنر خاتون ہیں جبکہ پانچ میں سے چار اسسٹنٹ کمشنرز بھی خواتین ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ قابلیت کسی ایک صوبے تک محدود نہیں ہوتی اور ذہانت کی کوئی جغرافیائی سرحد نہیں ہوتی۔خیبر پختونخوا کے ہونہار طلبہ کو بھی پنجاب کی جانب سے وظائف فراہم کیے جائیں گے اور لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی ان کے لیے حصہ رکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وسائل محدود ہوتے ہیں، اس لیے حکومتی فنڈز سوچ سمجھ کر اور ضرورت کے مطابق خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ طلبہ کو کسی چیز سے ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں، تعلیم، محنت اور قابلیت ہی کامیابی کا راستہ ہیں۔
مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک 2 لاکھ 50 ہزار گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں۔ جنوبی پنجاب سمیت مختلف علاقوں کے مستحق افراد اس منصوبے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حکومت عوام کے گھروں، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق خواب پورے کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کی قدر کریں اور پاکستان کے بارے میں منفی باتوں سے گریز کریں۔ ہمیں اپنے وطن پر فخر ہونا چاہیے اور اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔


