اہم ترین

ملک کی اتنی خدمت کرنا چاہتا ہوں جتنی بیٹا ماں کی خدمت کرتا ہے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں ہورہی ہیں۔

کوٹ ادو میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہے، دیگر تمام سیاستدان خلائی مخلوق سے امید لگائے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، دہشت گردی کا خطرہ پھر نظرآرہا ہے، دہشت گرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ تیرکا نشان تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے غریبوں جب کہ دیگر جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ غربت کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، عوام ساتھ دیں پہلے اس اشرافیہ کو تکلیف پہنچائیں گے۔

آئندہ وزارت عظمیٰ کے لئے پیپلز پارٹی کے امیدوار کا کہنا تھا کہ میں ملک کی اتنی خدمت کرنا چاہتا ہوں جتنی بیٹا ماں کی خدمت کرتاہے۔ہم ملک میں 30 لاکھ گھر بنا کر خواتین کو ان کے مالکانہ حقوق دیں گے، غریب عوام کو ماہانہ 300 یونٹ مفت بجلی دلوانے کا وعدہ پورا کروں گا، میں غریب آدمی کو بلا سود قرضے دلاؤں گا تاکہ وہ کاروبار کرسکے۔

پاکستان