اہم ترین

اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر سیاستدانوں کو مسلسل جدوجہد کرنی ہو گی: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر سیاستدانوں کو مسلسل جدوجہد کرنی ہو گی ۔

بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں پی ڈی ایم کے کردار سے پہلے سے مایوس تھا۔ میں نواز شریف کے کردار سے سخت مایوس ہوں۔ اس لیے آج کل ہمارے درمیان فاصلے کافی واضح ہیں۔ اگر انھوں نے یہی پرانی سیاست کرنی ہے تو میں ان کا ساتھ نہیں دے سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دینا چاہتے۔ عمران خان اور نواز شریف دونوں ہی پرانی سیاست کرنا چاہتے ہیں اور اپنی انا کے لیے جمہوریت اور ریاست کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اگر ملک میں مخلوط حکومت بنی تو وہ دونوں میں سے کسی کا ساتھ نہیں دینا چاہتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بناسکتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ماضی میں پی ٹی آئی یا پیپلز پارٹی کے ساتھ تھے۔ یہ پنجاب میں ن لیگ کے مخالف ہیں۔

ملک کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کردار کے لیے مسلسل جدوجہد کرنی ہو گی۔پہلا قدم سیاستدانوں کو اٹھانا پڑے گا اور اگر وہ ایک دوسرے کی عزت نہیں کریں گے تو پھر دوسروں سے کیا امید رکھیں کہ وہ ہماری عزت کریں۔سیاستدان سیاست کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں۔

پاکستان