اہم ترین

بلاول نے ن لیگ کی حمایت کے بدلے وزارتیں لینے سے انکار کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سازی میں مسلم لیگ ن کی حمایت کے بدلے وزارتیں لینے سے انکار کردیا۔۔

ٹھٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے کہا گیا 3 سال میاں صاحب وزیراعظم ہوں گے، اگلے دو سال میں وزیراعظم بن جاؤں۔میں اس طرح وزیراعظم نہیں بننا چاہتا۔ میں عوام سے منتخب ہوکر وزیر اعظم بننا چاہتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جس جماعت کی قومی اسمبلی میں حمایت کریں گے، ان کے ساتھ ہی آگے بڑھیں گے لیکن کوئی وزارتیں لینے کے بجائے عوام کے مفاد کو مدنظر رکھیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں تین قسم کے سیاستدان ہیں ایک وہ جو دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتے، دوسرے جو دھاندلی کے باوجود بھی نہیں جیت سکتے اور ایک پیپلز پارٹی ہے جو دھاندلی کے بغیر بھی جیت جاتی ہے۔۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں ایسے الیکشن ہوئے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں، ہارنے والے بھی احتجاج کر رہے ہیں، جیتنے والے بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس بھی ایسے فارم 45 موجود ہیں جن میں پیپلز پارٹی کا امیدوار جیت چکا ہے لیکن حتمی نتائج میں کہیں مسلم لیگ ن، متحدہ قومی موومنٹ یا آزاد امیدوار کو جتوایا گیا ہے۔

پاکستان