اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا منظور کرلی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ایوان فیلڈ، العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس میں عدم پیشی کی بنا پر حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح نے موقف اختیار کیا کہ تینوں ریفرنسز میں نامزد دیگر ملزمان بری ہو چکے، حسن اور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا اور احتساب عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔ ان کے دائمی دائمی وارنٹ معطل کئے جائیں۔
نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ ملزمان عدالت کے روبرو ہر صورت پیش ہوں، اس کے بغیر وارنٹِ گرفتاری معطل نہیں ہو سکتے، وارنٹ کا مطلب ہی ملزم کو عدالت لانا ہے، حسن نواز اور حسین نواز کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔
عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔