پاکستان سپر لیگ 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مسٹری اسپنر عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کرکٹ قوانین کے منافی اور مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔
سندھ پریمیئر لیگ کی دریافت کہے جانے والے اسپنر عثمان طارق اب تک اس پی ایس ایل میں تین میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اپنے بولنگ ایکشن کے دوران معمول سے زیادہ وقفہ لے کر بولنگ کرانی کی وجہ سے میچ کے دوران کمنٹیٹرز کی جانب سے بھی سوال اٹھائے گئے۔ تاہم اب پی سی بی نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان چھ مارچ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مشکوک قرار دیا گیا اور اسے رپورٹ کر دیا گیا ہے۔