ایشین کرکٹ کونسل نے 2031 تک ہونے والے اپنے تمام ایونٹس کے نشریاتی حقوق بھارتی چینل سونی کو 17 کروڑ ڈالر میں نیلام کردیئے ہیں۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 47 ارب 22 کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
کرکٹ کی خبروں سے متعلق بھارتی نیوز ویب سائیٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے 2016 سے 2023 تک کے لئے نشریاتی حقوق 10 کروڑ امریکی ڈالر میں فروخت کیے گئے تھے۔ 2024 سے 2031 تک کے نشریاتی حقوق 17 کروڑ ڈالرمیں نیلام ہوئے ہیں۔ اس طرح ایشین کرکٹ کونسل کو 7 کروڑ ڈالرز کا مزید منافع ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے تحت نشریاتی حقوق صرف ایشیا کپ تک محدود نہیں بلکہ اس میں مینز اینڈ ویمنز ایشیا کپ، مینز اینڈ ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور مینز اینڈ ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے تمام ایڈیشن شامل ہیں۔ 2031 تک چار مینز ایشیا کپ کا انعقاد متوقع ہے۔