پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ جنوبی افریقا کے لئے تینوں فارمیٹس کے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور فخر زمان ایک مرتبہ پھر نظر انداز کردیئے گئے ہیں۔
بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے اور پی سی بی میں ہونے والے دیگر فیصلوں پر فخر زمان نے کھل کر بات کی تھی اور اس کی سزا اب تک انہیں مل رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 07 جنوری تک جنوبی افریقا کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی جس کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
فخر زمان کو آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد اب جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے قومی اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوگی۔ سیریز کا پہلا میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت محمد رضوان کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد حسنین، عرفان خان ، عمیر یوسف، صائم ایوب، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔
ون ڈے اسکواڈ
شاہینوں اور پروٹیاز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 17 دسمبر سے ہوگا۔ 3 میچز کی سیریز کے لئے قومی اسکواڈ محمد رضوان، عبداللہ شفیق ، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، کامران غلام، محمد حسنین ، عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔
ٹیسٹ اسکواڈ
جنوبی افریقا کی سیم پچز کے لئے پی سی بی نے کئی برسوں بعد برطانیہ میں کامیابیاں سمیٹنے والے سیم میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس کو قومی اسمکواد مٰں شامل کیا ہے۔
دو میچز کی سیریز کے لئے قومی ٹیم کی کپتانی شان مسعود کریں گے۔ عامر جمال، ، عبداللہ شفیق ، حسیب اللہ، بابر اعظم، میر حمزہ، کامران غلام، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سلمان علی آغا (نائب کپتان) ٹیم کا حصہ ہوں گے۔