پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچوں کے لیے پاکستان کے دورے کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی اور پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 12 جنوری تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 روزہ میچ کھیلنے کے بعد ملتان میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ کھیلے گی۔
پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جنوری تک کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کم و بیش 19 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ آخری مرتبہ نومبر 2006 میں دونوں ملکوں کے درمیان پاکستان میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز ہوئی تھی۔ جس کے بعد پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی میزبانی یو اے ای میں ہی کی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 2018 کے بعد سے 3 بار پاکستان آچکی ہے تاہم ان تمام دوروں کے دوران ون ڈے اور ٹی 20 میچز ہی کھیلے گئے تھے۔