اہم ترین

اسمارٹ فون کیوں پھٹتا ہے! کیا آپ بھی یہ غلطی نہیں کر رہے؟

اسمارٹ فون ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے لیکن بعض اوقات ہم لاپرواہی کی وجہ سے ایسی غلطیاں کر بیٹھتے ہیں جو خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔

گزشتہ چند سال میں اسمارٹ فون پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ تر معاملات میں یہ حادثہ ہماری غلطیوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اسمارٹ فونز کے پھٹنے کی کیا وجوہات ہیں اور اس سے بچنے کے طریقے کیا ہیں۔

بیٹری کا زیادہ گرم ہونا

اسمارٹ فون کی بیٹریوں میں لیتھیم آئن کا استعمال کیا جاتا ہے، جو ضرورت سے زیادہ گرمی برداشت نہیں کرسکتی۔ اگر فون کو زیادہ دیر تک چارجنگ پر رکھا جائے یا بھاری گیمز اور ایپس استعمال کی جائیں تو بیٹری گرم ہو سکتی ہے۔ یہ بیٹری کے پھٹنے کی سب سے بڑی وجہ بن جاتی ہے۔

خراب چارجرز اور بیٹریوں کا استعمال

بہت سے لوگ سستے اور جعلی چارجر استعمال کرتے ہیں جس سے فون کے سرکٹس کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جعلی بیٹریاں بھی صحیح وولٹیج فراہم نہیں کرتیں جس سے فون کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

فون کو جسمانی نقصان

اگر فون گر جائے یا بیٹری میں ڈینٹ لگ جائے تو اسے استعمال کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ بیٹری کو اندرونی نقصان اس میں کیمیائی رد عمل کا سبب بن سکتا ہے، جس سے دھماکہ ہو سکتا ہے۔

ضرورت سے زیادہ چارجنگ

اگر آپ اپنے فون کو بار بار چارج کرتے ہیں یا اس کی بیٹری کو مکمل طور پر ختم ہونے دیتے ہیں، تو اس سے بیٹری پر دباؤ پڑتا ہے۔ اس سے بیٹری کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور دھماکے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

فون کو گرم یا ٹھنڈے مقام پر رکھنا

فون کو شدید گرم یا ٹھنڈے ماحول میں رکھنے سے بیٹری پر برا اثر پڑتا ہے۔ ضرورت سے زیادہ گرمی بیٹری کے اندر دباؤ بڑھاتی ہے، جس کی وجہ سے فون پھٹ سکتا ہے۔

ان خطرات سے کیسے بچا جائے؟

ہمیشہ اصلی چارجر اور بیٹری استعمال کریں۔

فون کو زیادہ دیر تک چارجنگ پر نہ رکھیں۔

اگر بیٹری میں سوجن نظر آتی ہے تو اسے فوری طور پر سروس سینٹر لے جائیں۔

فون کو گرمی یا سرد جگہوں سے دور رکھیں۔

بھاری ایپس کو ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کریں۔

ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کا خیال رکھ کر آپ اپنے اسمارٹ فون کو محفوظ رکھ سکتے ہیں اور خطرناک حادثات سے بچ سکتے ہیں۔ ہوشیار رہیں اور اپنے اسمارٹ فون کا استعمال سمجھداری سے کریں۔

پاکستان